گوادر میں کوسٹ گارڈ کے مبینہ تشدد کیخلاف ماہی گیروں کا دھرنا، جیٹی کو تالے لگا دیے

گوادر (انتخاب نیوز) گوادر میں کوسٹ گارڈ کا مقامی ماہیگیروں پر تشدد، ماہیگر و شہریوں نے احتجاجاً دھرنا دیا۔ گوادر سمندر میں ماہیگری کے دوران پاکستانی کوسٹ گارڈ کے تشدد سے دو مقامی ماہیگیر شدید زخمی ہوگئے، جس کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد نے ایکسپریس وے پر دھرنا دے دیا اور سڑک کو تمام تر ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ ماہیگیروں کے مطابق کوسٹ گارڈ بلاجواز شہریوں کو سمندر میں جانے سے روکنے کے لئے تشدد کا نشانہ بنارہا ہے جو کہ ناقابل برداشت عمل ہے، گوادر کے باسی اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اپنے ماہیگیر ساتھیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر تشدد کا نشانہ بننے والے ماہیگیر کے اہلیہ نے احتجاجاً گوادر جیٹی کے دروازے پر تالہ لگاتے ہوئے بند کردیا۔ تشدد کا نشانہ بننے والے گوادر ماہیگیر کی اہلیہ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ پاکستانی کوسٹ گارڈ نے انکے شوہر اور دیگر رشتہ داروں کو بلاجواز تنگ کیا اور بعد ازاں انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ خاتون کے مطابق ان کے شوہر پہلے سے مریض ہیں جبکہ تشدد کے بعد انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ گوادر مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ جب تک واقعے کا نوٹس نہیں لیا جاتا ماہیگیر اور گوادر کے شہری خواتین و بچوں کے ہمراہ اپنا احتجاجی دھرنا جاری رکھیں گے اور تمام تر روڈ ٹریفک کے لئے بند رہیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں