پشین میں پولیس مقابلہ، مطلوب اشتہاری ساتھی سمیت ہلاک، ایک گرفتار
پشین (یو این اے) ایس پی پشین منظور احمد بلیدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز صدر تھانہ سرخاب اور سی آئی اے اسٹاپ نے سورس انفارمیشن پر "اے” اور "بی” ایریا میں کاروائی کرتے ہوئے بدنام ترین گینگ کے سرغنہ حبیب اللہ (افغان شہری)کے گھر پر چھاپہ مارا۔ ڈکیتی، قتل اور چھینا جھپٹی اور پولیس اور لیویز کے متعدد مقدمات میں مطلوب اور اشتہاری تھا۔ پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی گینگ کے سرغنہ حبیب اللہ اور اس کے گن مینوں اور دیگر ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر براہ راست فائرنگ کردی، خوش قسمتی سے پولیس پارٹی محفوظ رہی، تاہم ملزمان کی جانب سے چلائی گئی گولیوں سے ایس ایچ او صدر کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔ فائرنگ کے تبادلے میں حبیب اللہ اور اس کے بندوق بردار پولیس مقابلے میں مارے گئے، جب کہ روزی خان نامی ایک شخص گولی لگنے سے زخمی ہوا، جسے مزید علاج کے لیے پولیس سیکیورٹی میں کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔ ایس پی پولیس منظور احمد بلیدی نے کہاکہ ملزمان کے قبضے سے دو ایس ایم جیز اور ایک پستول بھی برآمد ہوا۔ علاقے کے لوگوں نے ضلع پشین کے بدنام ترین گینگ کے خاتمے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے انہوں نے کہاکہ گینگ کے باقی ارکان کی گرفتاری کے لیے مزید چھاپے مارنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ مذکورہ ملزمان لیویز اور پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے تھانہ صدر پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔


