منی بجٹ نہیں آئے گا، تنخواہ دار طبقے کو بتدریج ریلیف دیں گے، وفاقی وزیر خزانہ

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ منی بجٹ نہیں آئے گا، پاکستانی کرنسی مستحکم رہے گی، ریٹیلرز پر ٹیکس اطلاق ہونے جا رہا ہے، نان فائلرز کیلئے مارجن ہم سزا کی حد تک لے گئے ہیں، نان فائلرز اب تین چار پانچ بار ضرور سوچیں گے کہ وہ ٹیکس نیٹ میں کیوں نہیں آرہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آگے جا کر تنخواہ دار طبقے کو بتدریج ریلیف دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے آئی ایم ایف پروگرام ضروری ہے، کوشش ہے اس مہینے آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدہ ہوجائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈالر ختم ہو جاتے ہیں تو آئی ایم ایف پروگرام کی طرف جانا پڑتا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ میکرو اکنامک استحکام میں تسلسل لانے کی ضرورت ہے اس لئے ہمیں آئی ایم ایف پروگرام چاہیے، کوشش ہوگی کہ اس مہینے آئی ایم ایف معاہدوں کو اسٹاف لیول ایگریمنٹ تک لے جائیں۔ محمد اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ منی بجٹ نہیں آئے گا، پاکستانی کرنسی اب مستحکم رہے گی، آئی ایم ایف ہو یا نہ ہو آئی ٹی اور زراعت ہمارے گروتھ ایریاز ہیں، گزشتہ مالی سال میں دونوں سیکٹرز نے اچھے نتائج دیے مستقبل میں مزید بہتر پرفارمنس آئے گی۔ انھوں نے کہا کہ ورلڈ بینک نے ایک ارب ڈالرز کی منظوری دی ہے۔ آئی ایم ایف کا پروگرام سمجھنے کی ضرورت ہے، اس پروگرام کو پاکستان کا پروگرام کہنا چاہیے، اگر بنیادی ڈھانچے کی اصلاحات نہ کیں تو معاملات بگڑیں گے، ہمارے ہاں پالیسی اور انفورسمینٹ گیپ ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں