برطانیہ میں عام انتخابات کاا نعقاد، ساڑھے چار ہزار سے زائد امیدوار میدان میں

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں کل عام انتخابات منعقد ہونگے، ووٹنگ شروع ہونے میں 24 گھنٹے سے بھی کم وقت رہ گیا۔ برطانوی عام انتخابات میں تقریبا 5 کروڑ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جب کہ پارلیمنٹ کی 650 نشتوں کےلیے ساڑھے چار ہزار سے زائد امیدوار میدان میں ہیں۔ کل 650 نشستوں میں سے 533 انگلینڈ، 59 اسکاٹ لینڈ، 40 ویلز اور 18 نشستیں شمالی آئرلینڈ کی ہیں۔ انتخابات میں ملک بھر میں ووٹنگ کےلیے 40 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے سے رات 10 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی جبکہ انتخابات کے نتائج کا اعلان 5 جولائی کو کیا جائیگا۔ انتخابات کے بعد حکومت بنانے کےلیے کسی بھی سیاسی جماعت یا جماعتوں کو کم از کم 326 نشستیں درکار ہونگی۔ الیکشن کے بعد 9 جولائی کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے اور اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔ یاد رہے برطانیہ میں کنزرویٹو پارٹی کے حکومت کی مدت قانونی طور پر جنوری 2025 تک ہے مگر 22 مئی کو برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے ملک میں قبل از وقت انتخابات کا اعلان کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں