جمہوریت پہ ڈاکہ ڈالنے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے، مولانا حیدری
اوستہ محمد: جمعیت علما اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کی سیٹوں میں اضافہ سیاسی جماعتوں کی مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہے،بلوچستان اسمبلی کے سیٹوں میں اضافہ بلوچستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا اس سے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی،سینیٹ سے بل کی منظوری پہ تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں،اٹھارویں ترمیم کے خلاف آنے والی بل کو بھی سیاسی اور جمہوریت پسند جماعتوں کے اتحاد سے ناکام بنایا،جمہوریت پہ ڈاکہ ڈالنے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار جمعیت علما اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفورحیدری نے آئی این پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں چئیرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر جاوید عباسی کی سربراہی میں ہم نے بلوچستان اسمبلی کے سیٹوں میں اضافے کا بل لایا جو اکثریت رائے سے منظور ہوا یہ جمہوریت کا حسن ہے سیاسی جماعتیں نظریاتی اختلافات کے باوجود مشترکات پہ متحد ہوتے ہیں بلوچستان اسمبلی کی سیٹوں میں اضافہ بلوچستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جس سے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔


