اورماڑہ میں چور دکان کے تالے توڑ کر پانچ لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سامان لے اڑے
اورماڑہ (یو این اے )اورماڑہ میں چوری کا انوکھا واقعہ، کونسلر میونسپل کمیٹی کے بھائی کو لاکھوں روپے کا نقصان، نامعلوم چور دوکان کے تالے کھول کر ساڑھے پانچ لاکھ روپے مالیت کے سامان لے اڑے، تفصیلات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب اورماڑہ میں پرانا بازار کے گنجان آباد ایریا میں چوری کا انوکھا واقعہ پیش آیا۔ نامعلوم چور گزی لین وارڈ نمبر 3 کے کونسلر کریم ارمان کے بھائی گنج بخش عرف گنجین نامی شخص کے گیریج اور گیریج سے منسلک آٹوز کے تالے آسانی سے کھول کر ساڑھے پانچ لاکھ روپے سے زائد مالیت کے سامان چرا کر لے گئے۔ متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ چند دن ہوئے کراچی سے لاکھوں روپے کا سامان خرید کر لے آئے تھے جو گزشتہ شب نامعلوم چور دوکان کا صفایا کر کے لے گئے۔ متاثرہ گنج بخش نامی شخص نے میڈیا کو بتایا کہ چوری ہونے والے سامان کی مالیت ساڑھے پانچ لاکھ روپے سے زائد تھی۔ اس دوران متاثرہ شخص کے بھائی کونسلر گزی لین وارڈ نمبر 3 کریم ارمان اور کونسلر پنجگ فقیر محمد بھی مزکورہ دوکان کا معائنہ کرنے پہنچ گئے تھے۔ تاہم متاثرہ شخص نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دے دی جس پر پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔


