کوسٹل ہائی وے پر حادثات کی روک تھام، غیر قانونی تیل بردار اور دیگر گاڑیوں کیخلاف کارروائی کا حکم

گوادر (نمائندہ انتخاب)کوسٹل ہائی وے پر حادثات کی روک تھام، ڈی آئی جی پولیس، کوسٹل ہائی وے N-10 کی سخت کارروائی کے احکامات۔ تفصیلات کے مطابق کوسٹل ہائی وے N-10 پر روز بروز بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات اور تیل بردار گاڑیوں کی خطرناک ڈرائیونگ کے پیش نظر ڈی آئی جی پولیس کوسٹل ہائی وے N-10، برکت حسین کھوسہ نے ایس پی زون 02 کوسٹل ہائی وے پولیس N-10، عبدالواحد بلوچ کو عوامی شکایات پر فوری کارروائی کے احکامات جاری کر دیے ہیں، تیل بردار گاڑیاں اپنی اسپیڈ کی حد پار کرتی ہیں اور ایک دوسرے سے ریس لگانے، اوور ٹیک کرنے کی وجہ سے سنگین حادثات کا باعث بنتی ہیں۔ ڈی آئی جی پولیس نے ان خطرناک اور غیر قانونی حرکتوں کی روک تھام کے لئے ایس پی زون 02 کو سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی ہے۔ اس مہم کے تحت ٹریفک انچارج سمیت سب انسپکٹر انور جمیل کو ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ ایسے گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کریں جو قوانین کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔ڈی آئی جی برکت حسین کھوسہ نے مزید احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوسٹل ہائی وے پر قائم تمام کوسٹل ہائی وے پولیس کے چیک پوسٹوں کے انچارج بھی تیل بردار اور دیگر گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کریں جو قانون کی پاسداری نہیں کرتیں اور غیر قانونی عمل اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ان احکامات کا مقصد کوسٹل ہائی وے پر سفر کرنے والے عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے اور ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں