گوادر میں دھرنا پانچویں روز بھی جاری، کوئٹہ میں شٹرڈاون و پہیہ جام ہڑتال

کوئٹہ(یو این اے )بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے گوادر کی میرین ڈرائیو پراحتجاجی دھرنا پانچویں رو زبھی جاری ہے، حکومت اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کے 2 دور بھی اس مسلسل احتجاج کوختم کرانے میں کارگر ثابت نہیں ہوسکے ہیں۔ادھر احتجاج کی شدت میں اضافہ کرتے ہوئے بلوچ یکجہتی کمیٹی نے بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں شٹر ڈاون اور پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد شہر کے علاقے سریاب روڈ، قمبرانی روڈ ، ارباب کرم خان روڈ، بروری روڈ اور مشرقی و مغربی بائی پاس میں دوکانیں جزوی طور پر بند ہیں۔اس کے برعکس شہر کے مرکزی علاقے میں کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بحال ہیں اس کے علاوہ شہر میں ٹریفک بھی معمول کے مطابق رواں دواں ہے، تاہم گزشتہ چھٹے روز سے ریڈ زون کو جانیوالے تمام راستوں کو خاردار تاروں اور کنٹینرز لگا کر سیل کردیا گیا ہے۔صوبے کے دیگر اضلاع مستونگ، قلات، دالبندین، چاغی سمیت مکران ڈویژن کے مختلف علاقوں میں کاروباری سرگرمیاں چوتھے روز بھی معطل ہیں، جبکہ گوادر میں گزشتہ چھٹے روز سے دکانیں بند ہونے کے باعث غذائی قلت کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ قلات اور حب کے مقام پر بند ہے جبکہ مکران کوسٹل ہائی وے پر بھی آمدورفت معطل ہے، جس کے باعث تفتان میں گزشتہ 6روز سے ایران سے وطن لوٹنے والے زائرین پھنسے ہوئے ہیں، گوادر کے داخلی و خارجی راستے تاحال بند ہیں جسکے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں