اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارش،کئی علاقے زیر آب

اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارش سے کئی علاقے پانی میں دوب گئے ہیں ، نالہ لئی میں طغیانی آ گئی، علاقے میں سائرن بجا دیے گئے ہیں انتظامیہ نے مدد کے لیے فوج طلب کر لی ہے۔جمعرات کی صبح راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی بارش کے باعث راولپنڈی نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ سے تجاوز کر گی ہے، جس کے بعد علاقے سے آبادی کے انخلا کا حکم دے دیا گیا ہے۔اسلام آباد کے سیکٹر ایچ تیرہ میں بچہ پانی میں بہہ کر جاں بحق ہو گیا۔راولپنڈی فلڈ کنٹرول روم نے فلڈ الرٹ جاری کردیا تھا کہ اگر پانی کی سطح 20 فٹ پر پہنچی تو کٹاریاں سے انخلا کا آغاز کر دیا جائے گا، گوالمنڈی میں پانی کی سطح 17 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔فلڈ کنٹرول روم راولپنڈی انتظامیہ نے فوجی دستے، ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کو طلب کرلیا ہے، بارش سے متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔گوالمنڈی پل کے قریب فلڈ سائرن بجا کر قریبی آبادیوں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔کنٹرول روم نے آبادیوں کا انخلا الرٹ جاری کردیا ہے اور نالہ لئی کے کناروں پر بسنے والوں کو فوری طور پر آبادیاں خالی کرنے کا حکم دے دیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق قریبی آبادیوں میں بسنے والوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے گا، راولپنڈی میں 5 مختلف تعلیمی اداروں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں بارش سے نالہ لئی میں طغیانی آ گئی ہے، سیدپور گاوں میں 38 ملی میٹر بارش ریکارڈ گولڑہ میں 82 ملی میٹر، بوکھڑا میں 71 ملی میٹر، پی ایم ڈی میں 88 ملی میٹر، شمس آباد میں 66 اور کچہری میں 34 ملی میٹر بارش ہوئی۔راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل موسلادھار بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح بڑھنے لگی ہے جبکہ واسا کی جانب سے بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہے کہ نالہ لئی میں مسلسل بارش کے باعث طغیانی کی صورتحال ہے جس کے پیش نظر نالہ لئی کو خالی کروایا جائے۔ادھر لاہور میں بھی بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں کہیں اور ہلکی کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی کی شدت کم ہونے سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے جبکہ کراچی میں بھی بارش کا امکان ہے۔دوسری جانب بلوچستان میں مون سون بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے، جھل مگسی کے علاقے ٹیپری میں لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں، دیگر علاقوں کا آپس میں زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔سوراب کے علاقے کیدر میں موسلادھار بارش سے سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی ہے جبکہ گندان جھل ندی میں بھی سیلابی ریلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہے کہ نالہ لئی میں مسلسل بارش کے باعث طغیانی کی صورتحال ہے جس کے پیش نظر نالہ لئی کی قریبی آبادی کو خالی کروایا جائے۔بلوچستان کے قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان میں موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی رہی اور سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے 2 بچیاں جان بحق ہو گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں