غیر ملکی طاقتیں ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہیں، پاکستان
اسلام آباد (آئی این پی )ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ غیر ملکی حکومتیں پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہیں، آصف مرچنٹ کے حوالے سے اب تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، امریکی حکومت کی جانب سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی، پاکستان امریکہ کی جانب سے معلومات فراہم کرنے کا منتظر ہے، بنگلہ دیش کے لوگوں میں اپنے مسائل حل کرنے کی صلاحیت موجود ہے، پاکستان مشرق وسطی میں بننے والی صورتحال پر تشویش میں ہے، ایران کو اپنی دفاع کرنے کا بھر پور حق حاصل ہے، بھارت کشمیر میں جنگی جرائم میں ملوث ہے ،بھارتی فوج کے ہاتھوں 4 افراد کا قتل قابل مذمت ہے، ۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز زہرا بلوچ نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کیا ۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہا کہ اسرائیل کے غزہ میں انسانیت سوز مظالم جاری ہیں، غزہ میں اب تک 40ہزار معصوم شہریوں کو جاں بحق کیا جاچکا ہے، پاکستان غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتا ہے،اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی پر جوابدہ بنایا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان 2023 سے غزہ میں جنگ بندی پر زور دے رہا ہے،اس حوالے سے پاکستان کسی بھی اقدامات جس سے جنگ بندی ہو اس کا خیر مقدم کرتا ہے، پاکستان غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے کسی بھی مزاکرات کا حصہ نہیں ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ایران کو اپنا دفاع کرنے کا بھر پور حق حاصل ہے، اسرائیل کا اس طرح کی کارروائیوں پر احتساب کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔


