بلوچستان میں بارشوں سے ریل کا نظام درہم برہم، سندھ کے چار اضلاع میں سیلاب کی وارننگ جاری
کوئٹہ، کراچی (آن لائن، صباح نیوز) بلوچستان میں بارشوں اور سیلابی ریلوں نے ریلوے کے نظام کو درہم برہم کر دیا۔ریلوے حکام کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں کے باعث سبی ہرنائی ریلوے سیکشن 21 جولائی سے بند ہے ،اس سیکشن کی از سر نو تعمیر پر ریلوے نے ایک سال قبل تقریبا ً 4 ارب روپے خرچ کیے تھے۔کوئٹہ تفتان ریلوے سیکشن پر سیلابی پانی نوشکی کے قریب ریلوے ٹریک کو بہا کر لے گیا ،ریلوے لائن پر شگاف پڑنے کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے۔نشیبی علاقے زیر آب ہیں جبکہ کوئٹہ چمن ریلوے سیکشن پر ریلوے پٹڑی کئی مقامات پر بہہ گئی جس کے باعث کوئٹہ چمن ٹرین سروس بھی معطل ہے۔اس وقت کوئٹہ ڈویژن میں صرف ایک ٹرین جعفر ایکسپریس ہے جو کوئٹہ سے پشاور کیلئے چلائی جارہی ہے۔ علاوہ ازیں سندھ کے چار اضلاع جیکب آباد ،قمبر شہدادکوٹ ، دادو اور جامشورو کو سیلاب کی وارننگ جاری کردی گئی۔ واضح رہے کہ یکم جولائی سے اب تک ملک میں بارشوں سے 189 افراد جاں بحق، 333 زخمی ہوگئے۔


