کوئٹہ میں مضر صحت اشیا خورونوش بنانے والوں کیخلاف کارروائی، کارخانہ سیل، متعدد کو جرمانے

کوئٹہ (آن لائن) عوام کو ناقص خوراک کی فراہمی میں ملوث عناصر کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جاری کاروائیوں کے دوران ایک آئسکریم قلفی کارخانہ سربمہر جبکہ 28 کھانے پینے کے متفرق مراکز پر جرمانے عائد کردئیے گئے۔اتھارٹی کی جانب کوئٹہ شہر کے علاوہ سبی ، خضدار ، لورالائی اور رکنی میں کاروائیاں کی گئیں۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سبزل روڈ میں ایک مضر صحت آئسکریم اور آئس لولیز بنانے والا پراسیسنگ یونٹ سیل کیا گیا، یونٹ کے خلاف پروڈکشن میں غیر معیاری رنگوں کے استعمال ، مس لیبلنگ ، غیر رجسٹرڈ پراڈکٹس کی تیاری سمیت مختلف وجوہات پر ایکشن لیا گیا۔ بچوں کی پسندیدہ آئسکریم اور آئس لولیز پرکسی برانڈ کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تھا جبکہ حتمی اشیاءکی لیب رپورٹس بھی نہیں تھیں جبکہ غیرقانونی یونٹ میں بغیر رجسٹریشن و لائسنس کے اشیاءتیار و سپلائی کی جارہی تھیں۔ اتھارٹی حکام نے یونٹ سے برآمد شدہ پیکجنگ مٹیریل اور مضر رنگ ضبط کرکے یونٹ کو فوری طور پر سیل کردیا۔ ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی عتیق اللہ خان کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ خوراک کی تیاری میں جعلسازی یا غفلت برتنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ،بلوچستان فوڈ اتھارٹی ہر چھوٹے بڑے فوڈ بزنس پر بلا امتیاز قوانین کا نفاذ یکساں طور پر کرواتی ہے۔ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کا مزید کہنا تھا کہ غیر معیاری اور مضر صحت آئسکریم و آئس لولیز بچوں میں گلے کے امراض سمیت مختلف بیماریوں کا باعث بنتی ہیں ،بچے ہمارا مستقبل ہیں ، معصوم بچوں کی صحت سے کھلواڑ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ دیگر اضلاع میں جرمانہ کردہ مراکز میں دودھ میں ملاوٹ پر ملک شاپس ، ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر متعدد ہوٹلوں اور گوشت کی دکانوں جبکہ زائد المعیاد اشیاءرکھنے پر مختلف جنرل اسٹورز مالکان کو جرمانہ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں