بلاول بھٹوکی سربراہی میں سندھ ،بلوچستان کے وزراء آبپاشی کا ویڈیولنک اجلاس

کراچی(صباح نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں سندھ ،بلوچستان کے آبپاشی کے وزارء کا ویڈیولنک اجلاس ہوا۔بارشوں، سیلابی ریلوں اور پیداشدہ صورتحا ل و دونوں صوبوں میں نقصانات کا جائزہ لیا گیا ۔ بلوچستان کے وزیرآبپاشی صادق عمرانی اور سندھ کے وزیر آبپاشی جام خان شورو نے اپنے محکموں کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔اجلاس میں ملک میں پانی کی تقسیم کے فارمولے پر سندھ اور بلوچستان کا ارسا کے پلیٹ فارم پر ایک موقف اپنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔بلاول بھٹو زرداری کے بارشوں کے بعد سندھ اور بلوچستان میں سیلابی ریلوں اور ان سے ہونے والے نقصانات سے متعلق استفسارپر وزرا نے اپنے اپنے صوبوں میں بارشوں کے بعد سیلابی صورت حال سے پیدا ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی۔ پارٹی چیئرمین نے سندھ اور بلوچستان میں آبپاشی کے محکموں کے وزرا سے نہروں کے پشتوں کو بارش سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات طلب کی ہیں ۔ سندھ اور بلوچستان میں آبپاشی کے محکموں کے وزرا نے نہروں کے پشتوں کو حالیہ بارش سے ہونے والے نقصانات اور ان کے ازالے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں