کچے میں ڈاکوﺅں کا حملہ، پنجاب پولیس کے آپریشن میں مرکزی ملزم بشیر شر ہلاک
لاہور (انتخاب نیوز) پنجاب کے شہر رحیم یار خان کے کچے کے علاقے ماچھکہ میں ڈاکوﺅں نے پولیس کی 2 گاڑیوں پر راکٹوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 12 پولیس اہلکار جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے، پنجاب پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے کے مرکزی ملزم بشیر شر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کردیا۔ پنجاب پولیس کے آپریشنز میں مزید تین ڈاکو شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رات گئے جاری پولیس آپریشن میں کچے کے علاقے کا خطرناک ڈاکو بشیر شر کیفر کردار کو پہنچا، بشیر شر گزشتہ روز پولیس اہلکاروں پر ہونے والے حملے کے مرکزی ملزمان میں شامل تھا۔ ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ رات سے جاری پولیس آپریشن میں ہلاک ڈاکو بشیر شر کے زخمی ساتھیوں کی تعداد 05 ہوگئی، زخمی ڈاکوﺅں میں ثنا اللہ شر، گدا علی، کملو شر، رمضان شر اور گدی شامل ہیں، پولیس کے جوابی آپریشن میں مزید ڈاکوﺅں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں،حملہ میں ملوث ڈاکوﺅں کی سرکوبی کیلئے پولیس آپریشن جاری رہے گا۔


