شہباز شریف کی عوام سے بارش کیلئے نماز استسقا ادا کرنے کی اپیل

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب کے دارالحکومت لاہور اور ملتان سمیت متعدد شہروں میں شدید اسموگ اور دھند کے درمیان وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے باران رحمت کے لیے نماز استسقا ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے قوم سے درخواست ہے کہ نماز استسقا ادا کرے اور اللہ تعالی سے باران رحمت کے لیے خصوصی دعا مانگی جائے ۔انہوں نے کہا کہ علمائے کرام اور مشائخ عظام خاص طور پر نماز استسقا کے اہتمام میں اپنا کردار ادا کریں، مزید کہنا تھا کہ بارش برسنے سے ماحول میں بہتری آئے گی، بیماریوں سی نجات ملنے میں بڑی مدد مل سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے حضور خصوصی دعائیں کی جائیں تا کہ انسانی زندگی کو اس تکلیف سے نجات مل سکے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبوں کے زیر اہتمام تمام مساجد میں نماز استسقا کا اہتمام کیا جائے، موجودہ صورت حال میں باران رحمت کی شدید ضرورت ہے ۔واضح رہے کہ ملک کا دوسرا بڑا شہر لاہور مسلسل کئی روز سے شدید دھند اور اسموگ کی لپیٹ میں ہے، آج 14 نومبر رات 9 بجے بھی پنجاب کے دارالحکومت کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1069 پر ہے جبکہ ملتان کا 540 اور راولپنڈی کا ایئر انڈیکس 449 کی سطح پر موجود ہے، جو کہ صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔گزشتہ روز ڈان کی خبر کے مطابق سائنسی جریدے ’سائنٹیفک رپورٹس‘ میں شائع ہونے والی ایک حالیہ تحقیق میں انکشاف کیا گیا تھا کہ فضائی آلودگی سے سر اور گردن میں کینسر ہوسکتا ہے۔اس تحقیق کی قیادت وین اسٹیٹ یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کے شعبہ اوٹولیرینگولوجی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر جان کریمر اور شعبہ اوٹولیرینگولوجی کے میڈیکل ریزیڈنٹ جان پیلمین نے کی تھی۔اس حوالے سے پروفیسر جان کریمر نے کہا تھا کہ ’فضائی آلودگی پر اس سے قبل بھی تحقیق کی جا چکی ہے لیکن اس کے اثرات زیادہ تر نظام تنفس کے نچلے حصے میں کینسر سے جڑے ہوئے تھے۔2 روز قبل وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اسموگ کو سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے 2 لاکھ 50 ہزار قبل از وقت اموات کا خدشہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ ہمارا خود کا پیدا کردہ ہے، اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔پاکستان میں عالمی ادارہ برائے اطفال (یونیسیف) کے نمائندے عبداللہ فادل نے کہا تھا کہ پنجاب کے سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر ایک کروڑ سے زائد بچے اسموگ کے خطرے سے دو چار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں