دفتر خارجہ کی خواجہ آصف کیساتھ بیرون ملک بدتمیزی کی مذمت

اسلام آباد: (انتخاب نیوز) دفتر خارجہ نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے ساتھ بیرون ملک بدتمیزی کی مذمت کی ہے۔ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کو دھمکیوں اور گالیوں کی مذمت کرتے ہیں، سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف احتجاج کے معاملے پر لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن برطانوی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے، احتجاج مہذب انداز میں ہونا چاہیے، کسی کو گالیاں دینا ناقابل قبول ہے، احتجاج کے دوران پاکستانی ہائی کمشن کی گاڑی پر حملہ کیا گیا۔وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ باکو کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے باکو میں کاپ 29 سربراہ اجلاس میں شرکت کی، وزیراعظم ریاض میں فلسطین بارے عرب اسلامی سربراہ کانفرنس میں بھی شریک ہوئے، عرب اسلامی سربراہ کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ کا خیر مقدم کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کل سے 17نومبر تک متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے، اسحاق ڈار یہ دورہ وزیر خارجہ یو اے ای شیخ عبداللہ بن زید النہیان کی دعوت پر کررہے ہیں۔ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں سیاسی قیدیوں کی حالت زار پر شدید تشویش ہے، مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا جارہا ہے، بھارتی حکام سے بے بنیاد مقدمات میں گرفتار سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں، پاکستان مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ افغانستان سے متعلق روسی صدر کے نمائندہ خصوصی آج پاکستان پہنچ رہے ہیں، نمائندہ خصوصی سیکرٹری خارجہ، افغانستان ومغربی ایشیاء کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری سے ملاقات کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں