اورماڑہ،لیویز چیک پوسٹ پر حملہ ، مسلح افرا دکی کوسٹل ہائی وےپر ناکہ بندی
کوئٹہ(یو این اے )مکران کوسٹل ہائی وے پر مسلح افراد کا اورماڑہ کے علاقے بسول چائی کے مقام پر کوسٹ گارڈ کیمپ پر حملہ، حملے میں دو اہلکار زخمی، خواری میں کوسٹل ہائی وے پولیس اہلکاروں کے اسلحے چھین لیے، زیر تعمیر خواری روڈ پر لوڈر سمیت مشینریز کو نذر آتش کر دیا، تفصیلات کے مطابق مکران کوسٹل ہائی وے پر بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب گیارہ بجے اورماڑہ کے قریب بسول کے علاقے چائی کے مقام پر پاکستان کوسٹ گارڈ کے کیمپ پر مسلح افراد نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا جو ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ مسلح افراد کے حملے میں دو کوسٹ گارڈ اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں اورماڑہ میں واقع پاک بحریہ ہسپتال درمان جاہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ علاہ ازیں مکران کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ اور پسنی کے درمیان خواری کے علاقے میں کوسٹل ہائی وے پولیس کی چوکی پر مسلح افراد نے حملہ کر کے پولیس اہلکاروں کو اپنی تحویل میں لے لیا بعد ازاں مسلح افراد نے تین اہلکاروں کے اسلحے اور دیگر سامان اپنے قبضے میں لے کر اہلکاروں کو چھوڑ دیا۔ دریں اثنا مکران کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ کے قریب ایک واقعے میں خواری کے مقام پر زیر تعمیر روڈ پر لوڈر سمیت کنسٹرکشن کمپنی کی مشینریز اور کیمپ کو بھی نذر آتش کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب مکران کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ اور پسنی کے درمیان مختلف مقامات پر مسلح افراد کی جانب سے ناکہ بندی کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔