پاکستان سے غیر مشروط وفاداری آئین کا جز اور ہمارا اخلاقی فرض ہے وزیر اعلی بلوچستان
کوئٹہ ( یو این اے )وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے منگل کو یہاں جناح الائیٹ اسکول سائنس اینڈ آرٹ ایگزیبیشن کا افتتاح کیا اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی اور ادارے کے سربراہ سردار اسامہ خان ترین بھی موجود تھے، وزیر اعلی نے طالب علموں کی جانب سے لگائے گئے سائنسی اسٹالز کا دورہ کیا اور بچوں کی سائنسی تخلیق کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل خوبصورت اور محنتی ہاتھوں میں ہے، آج کے طالب علم مستقبل کے لیڈر اور بلوچستان کے سفیر ہیں جنہوں نے مستقبل کی باگ ڈور سنبھالنی ہے ان طالب علموں میں سے ہی کوئی چیف منسٹر اور کوئی وزیر تعلیم ہوگا ہمیں اپنے مستقبل کے معماروں سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ ہمارا مستقبل آپ جیسے باصلاحیت اور محنتی نوجوانوں کی وجہ سے محفوظ اور باصلاحیت ہاتھوں میں ہے بلوچستان کے نوجوانوں نے نہ صرف قومی بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور ہمیں اپنے نوجوانوں پر فخر ہے وزیر اعلی نے کہا کہ بلوچستان میں روایتی تعلیم کے ساتھ جدید تعلیم کا فروغ اشد ضروری ہے آرٹیفیشل اینٹیلی جنس پر مبنی پروجیکٹ دیکھ کر دلی خوشی ہوئی اس سے قبل لگ بھگ ہر تعلیمی ادارے میں الف انار اور ب بکری والی روایتی تعلیم دیکھنے کو ملی تاہم آج یہ جدید طرز تعلیم دیکھ کر دلی مسرت ہوئی طالب علم اسی مثبت مائینڈ سیٹ کو لیکر آگے بڑھیں وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ پاکستان سے غیر مشروط وفاداری آئین کا جز اور ہمارا اخلاقی فرض ہے تاریخ گواہ ہے کہ جس نے پاکستان سے وفا کی اللہ تعالی نے عزت سے نوازاجس نے پاکستان سے غداری کی وہ ذلیل و رسوا ہوا ہماری تمام تر صلاحیتیں اور مخلصانہ محنت پاکستان کے لئے ہونی چاہئے اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان نے اسکول کے لئے دس لاکھ روپے کیش ایوارڈ جبکہ ٹیبلو پیش کرنے والے بچوں کے لیے ایک لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا،