نااہل حکومت کی پشت پناہی سے جرائم پیشہ افراد کو کھلی چھوٹ حاصل ہے، پشتونخوامیپ

کوئٹہ(یو این اے )پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں صوبے بھر کے اضلاع خصوصاً کوئٹہ، پشین میں عوام کو بیجا تنگ کرنے اور لوگوں کے گھروں پر چھاپوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ نااہل حکومت اور اداروںکی پشت پناہی سے جرائم پیشہ افراد کو کھلی چھوٹ حاصل ہے جبکہ مختلف سیکورٹی ادارے رات کو شریف لوگوں کے گھروں پر غیر قانونی ، غیر آئینی چھاپوں اور چادروچاردیواری کو پائمال کرنے کے مرتکب ہورہے ہیں ۔ چھاپوں کے دوران لوگوں کو اپنے مال ومتاع سے محروم کرنا انتہائی شرمناک عمل ہے جس کی پشتونخوامیپ پر زور مذمت کر تی ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ نام نہاد چھاپوں سے عوام کو تنگ کرنے، خوف وہراس پھیلانے اور معاشی بدحالی سے دوچار کرنے کے سوا کچھ نہیں ۔ اگر حکومتی انتظامیہ اور انتظامی اداروں نے اپنی روش نہ بدلی تو پارٹی اپنے عوام کی حمایت وتائید سے احتجاج کی راہ اپنانے میں حق بجانب ہوگی جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور اداروں پر عائد ہوگی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں