کوئٹہ، ہزار گنجی میں پیٹرول کے ذخیرے میں آگ بھڑک اٹھی، ہزاروں لیٹر ضائع

کوئٹہ(یو این اے )شہر کے نواحی علاقے ہزار گنجی میں ایرانی پیٹرول کے ذخیرے میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے شعلے دور دور تک دکھائی دیے، اور علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔عینی شاہدین کے مطابق، آگ لگنے کے بعد بھی ذخیرے میں بڑی مقدار میں پیٹرول موجود ہے، جس سے مزید خطرہ لاحق ہے۔ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد بھی آگ پر مکمل قابو پانے میں ناکام ہیں۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ نقصان کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم ہزاروں لیٹر پیٹرول جل کر راکھ ہو چکا ہے۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔مقامی افراد نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ ایسے ذخائر کو رہائشی علاقوں سے دور منتقل کیا جائے تاکہ آئندہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں