بسیمہ میں گزشتہ شب آنے والے زلزلے سے کئی گھر تباہ ہوگئے ہیں ، جنرل قادر بلوچ
کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر سابق وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ بسیمہ میں گزشتہ شب آنے والے زلزلے سے کئی گھر تباہ ہوگئے ہیں ساجد کے علاقے میں زلزلے کے بعد لوگ بے یار و مددگار ہیں صوبائی حکومت فور ی طور پر بسیمہ میں ایمرجنسی نافذ کرکے امدادی سامان روانہ کرے جبکہ پارٹی کارکن اپنی مدد آپ کے تحت بھی زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں حصہ لیں ، یہ بات انہوں نے جمعرات کو مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ جمال شاہ کاکڑ نے صوبائی صدر کی ہدایت پر حکام بالا سے رابطے اور کارکنوں کو متحرک کردیا ۔جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ بسیمہ میں پہلے بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی جس کی وجہ سے املاک اور مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ گزشتہ شب آنے والے زلزلے سے کئی مکان گرگئے ہیں یا پھر انکی حالت انتی خراب ہوچکی ہے کہ ان میں رہا نہیں جا سکتا انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں بسیمہ اور ساجد سمیت دیگر علاقوں کے لوگ بے سرو سامان کڑتی دھوپ میں بیٹھے ہیں جبکہ اب تک کسی بھی قسم کی سرکاری امداد ان تک نہیں پہنچ سکی ، انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ جام کمال خان فوری طور پر بسیمہ میں ایمرجنسی نافذ کرکے امدادی سامان فراہم کریں ،انہوں نے پارٹی کے صوبائی جنر ل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ کو ہدایت کی کہ وہ اعلیٰ حکام سے رابطے اور کارکنوں کو بھی متحرک کریں ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جمال شاہ کاڑ نے کہا کہ بسیمہ میں زلزلے کے بعد کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پارٹی کارکنوں کو متحرک کردیا گیا ہے کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت ریلیف کے کام کا آغاز کریں جبکہ پارٹی صدر کی ہدایت پر انہوں نے حکام بالا سے رابطہ بھی کئے ہیں ۔


