بلوچستان کے 5 ایئرپورٹس غیر فعال، عملہ تعینات، تنخواہیں جاری

کوئٹہ(انتخاب نیوز، یو این اے) بلوچستان بھر میں 5 ایئرپورٹس مکمل طور پر غیر فعال ہونے کے باوجود ان پر عملہ بدستور تعینات ہے، جس کے باعث قومی خزانے سے ماہانہ لاکھوں روپے کی تنخواہیں خرچ کی جا رہی ہیں۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق ژوب، خضدار، جیوانی، اورماڑہ اور سبی ایئرپورٹس طویل عرصے سے کسی بھی قسم کی پروازوں یا ایوی ایشن آپریشنز کے لیے استعمال نہیں ہو رہے۔ دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مذکورہ ایئرپورٹس پر نہ تو کوئی تجارتی پرواز چل رہی ہے، نہ ہی کوئی دیگر فضائی سرگرمی انجام دی جا رہی ہے، تاہم ان پر مستقل عملہ تعینات ہے اور انہیں باقاعدگی سے تنخواہیں ادا کی جا رہی ہیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب ان ایئرپورٹس پر کوئی آپریشن نہیں ہو رہا تو ان پر عملے کی موجودگی اور تنخواہوں کی ادائیگی عوامی وسائل کا ضیاع ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان ایئرپورٹس کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں یا عملے کی تعیناتی کے معاملے کا ازسرنو جائزہ لیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں