خضدار میں کامران جتک کا قتل علاقےمیں امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، ثناءاللہ زہری
کوئٹہ (این این آئی) سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اور چیف آف جھالاوان نواب ثناءاللہ خان زہری نے خضدار میں قبائلی رہنماء حاجی کامران جتک کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک اور بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات علاقے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہیں نواب ثناءاللہ زہری نے اپنے جاری کردہ بیان میں سردارزادہ حاجی کامران جتک کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ انھوں نے کہا کہ خضدار سمیت جھالاوان میں امن و امان کی مخدوش صورتحال نہایت تشویشناک ہے، جس پر فوری اور مؤثر حکومتی اقدامات کی ضرورت ہے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جھالاوان میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کیے جائیں تاکہ اس قسم کے سانحات کا تدارک ممکن ہو سکے۔


