تربت کی ڈاکٹر مہتاب کی پی ایچ ڈی میں شاندار کامیابی، پانچ نئی اقسام کی پیرا سائٹس دریافت

تربت (نمائندہ انتخاب) شہرک گونککی کی ڈاکٹر مہتاب ابراہیم کی پی ایچ ڈی میں شاندار کامیابی، پانچ نئی اقسام کے پیراسائٹس دریافت، تعلیم و تحقیق کے میدان میں بلوچستان کی بیٹی نے تاریخ رقم کردی۔ شہرک گونککی سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت محقق ڈاکٹر مہتاب ابراہیم بنت محمد ابراہیم نے جامعہ کراچی (یونیورسٹی آف کراچی) سے حیاتیات (Zoology) میں پی ایچ ڈی مکمل کر کے اپنی علمی قابلیت کا لوہا منوا لیا، تحقیقی سفر کے دوران ڈاکٹر مہتاب نے پیرا سائٹالوجی کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کرتے ہوئے پانچ نئی اقسام کے پیراسائٹس دریافت کیے، جنہیں بین الاقوامی سائنسی ریکارڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ کارنامہ نہ صرف ان کی گہری سائنسی بصیرت کا مظہر ہے بلکہ پاکستان کے لیے ایک اہم علمی اعزاز بھی تصور کیا جا رہا ہے۔ اس شاندار کامیابی کے اعتراف میں Zoological Society of Pakistan نے ڈاکٹر مہتاب کو گولڈ میڈل اور تعریفی اسناد سے نوازا۔ یہ اعزاز ایک اعلیٰ سطح کی سائنسی کامیابی کو تسلیم کرنے کی علامت ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی خواتین بین الاقوامی تحقیقی میدانوں میں بھی کسی سے کم نہیں، ڈاکٹر مہتاب ابراہیم کی کامیابی ا±ن کے والدین، خاندان، اور پورے علاقے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے ثابت کیا کہ محنت، لگن اور علم سے محبت انسان کو ہر منزل پر پہنچا سکتی ہے۔ ان کی کامیابی بلوچستان کے نوجوانوں، خاص طور پر طالبات کے لیے ایک مثالی رہنمائی کا ذریعہ بنے گی۔ علاقے کی علمی، ادبی اور سماجی شخصیات نے ڈاکٹر مہتاب کی کامیابی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ مستقبل میں مزید سائنسی تحقیقات کے ذریعے نام کمائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں