مستونگ، نامعلوم مسلح افراد نے ٹرک پر فائرنگ کرکے ٹائر برسٹ کردیئے
کوئٹہ (آن لائن) مستونگ کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی ٹرک پر فائرنگ سے ٹائر برسٹ ہوگئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیویز ذرائع کے مطابق گزشتہ روز مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں نامعلوم مسلح افراد نے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر ٹرک پر فائرنگ کرکے ٹرک کے ٹائر برسٹ کردیئے اور فرار ہوگئے تاہم فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیںہوا واقع کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔دوسری جانب سوئی کے علاقے کچی کینال میں گزشتہ روز آپسی جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص قتل ہو گیا۔لیویز حکام کے مطابق واقعہ سندرانی بگٹی قبیلے کے افراد کے درمیان تنازع کے دوران پیش آیا۔ فائرنگ کی زد میں آنے والے شخص کی شناخت عبد الستار سندرانی بگٹی کے نام سے ہوئی، جو اسی علاقے کے رہائشی تھے۔اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی محمد زوہیب کی ہدایت پر لیویز فورس کے جوان موقع پر پہنچے اور مقتول کی لاش کو تحویل میں لے کر فوری طور پر لواحقین کے حوالے کر دیا۔ حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ جھگڑے کے اس سنگین واقعے کے محرکات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔


