گلگت کے ضلع استور میں وبائی امراض کے باعث ایک ہزار سے زائد افراد متاثر، اسپتالوں میں جگہ کم پڑ گئی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) گلگت بلتستان کے ضلع استور میں سیلاب کے بعد پھیلنے والی وبائی بیماری نے ضلع کو لپیٹ میں لے لیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق استور میں وبائی بیماری سے متاثرہ لوگوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اویس عباسی نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال عیدگاہ، گوریکورٹ سمیت مختلف اسپتالوں میں مریض زیر علاج ہیں، 6 دن کے دوران ایک ہزار کے قریب افراد اب تک مختلف اسپتال لائے گئے ہیں، متاثرین میں بڑی تعداد بچوں، خواتین اور بزرگوں کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی بتایا کہ ضلع بھر میں متعدد اسپتالوں میں جگہ کم پڑنے سے عارضی کیمپ لگائے گئے ہیں، راما واٹر سپلائی لائن میں لیکج کے باعث مختلف مقامات پرگندگی شامل ہونے سے پانی آلودہ ہوا، راما واٹر سپلائی اسکیم سے ضلعی ہیڈکوارٹر سمیت 6 شہری علاقوں کو پانی سپلائی کیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں