اسرائیلی جارحیت کے باعث غزہ میں جاں بحق صحافیوں کی تعداد 251 تک پہنچ گئی

غزہ (صباح نیوز) غزہ پر جاری اجتماعی نسل کشی کی جنگ کے دوران جاں بحق ہونے والے صحافیوں کی تعداد بڑھ کر 251 ہوگئی ہے۔ فلسطینی دفتر برائے اطلاعات کے مطابق قابض اسرائیل کی بمباری میں خبر رساں ایجنسی شہاب کے نمائندہ صحافی محمد الکویفی، ایجنسی المنارہ برائے ابلاغ کے فوٹو گرافر اور نشریاتی انجینئر صحافی ایمن حانیہ اور الزاملی نیوز نیٹ ورک فلسطین نیوز کی نامہ نگار ایمان شہید ہوگئے۔ دفتر نے بتایاکہ قابض اسرائیل دانستہ طور پر فلسطینی صحافیوں اور میڈیا کارکنان کو قتل، بمباری کا نشانہ اور اغوا کررہا ہے۔ یہ عمل منظم اور کھلی درندگی ہے۔ اس موقع پر دفتر نے بین الاقوامی صحافیوں کی فیڈریشن، عرب صحافیوں کی یونین اور دنیا بھر کی صحافتی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ ان منظم جرائم کی مذمت کریں جو صحافیوں اور ابلاغی اداروں کے خلاف غزہ میں کیے جا رہے ہیں۔دفتر نے قابض اسرائیل، امریکہ، برطانیہ، جرمنی اور فرانس سمیت تمام شریک ممالک کو ان وحشیانہ جرائم کا براہِ راست ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ یہ سب اجتماعی نسل کشی کے شریکِ جرم ہیں۔بیان میں عالمی برادری اور تمام بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ قابض اسرائیل کے جرائم کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کریں، جنگی مجرموں کو عالمی عدالتوں میں کٹہرے میں لائیں اور فوری طور پر اجتماعی نسل کشی کو بند کروانے کے لیے سنجیدہ دباﺅ ڈالیں۔ ساتھ ہی یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ غزہ میں صحافیوں اور میڈیا کارکنان کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور ان کے قتل و اغوا کی اس مجرمانہ مہم کو روکا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں