نااہل حکومت نے عوام کو جھوٹ، مہنگائی ،بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا، حاجی علی مدد جتک
کوئٹہۛ پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنمائوں نے صوبے میں پارٹی کو فعا ل اور متحرک بنا نے کے لئے صوبے بھر میں رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں پیپلز پارٹی بلوچستان میں مزید اہم شخصیات کی شمولیت سے فعال ہوگی ، دو سالوں کے دوران نااہل حکومت نے عوام کو جھوٹ، مہنگائی ،بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا، یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک ،صوبائی جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے جتک ہاوس کوئٹہ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ دو سال گزر گئے لیکن حکومت کا ایک بھی دعویٰ پوا نہیں ہوا دو سال پہلے عوام کو جس تبدیلی ٍکا خواب دیکھایا گیا تھا وہ شیخ چلی کا خواب ثابت ہوئی درحقیقت عوام کو صرف مہنگائی ، بے روزگاری، بد امنی ، بدحالی ، کرپشن ، ڈوبتی ہوئی معیشت ، سیاسی عدم استحکام تبدیلی سرکار کی جانب سے تحفے میں ملے ہیں جبکہ حکمران خودکو دو سال بعد خود ہی بہترین قرار دے رہے ہیں اس کے برعکس آزاد اداروں کی جانب سے حکومتی ریٹنگ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت یکسر طور پر ناکام ہونے کے ساتھ ساتھ جلد خود ہی ختم ہوجائے گی، انہوں نے تمام اضلاع میں رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے صوبائی رہنمائوں کو ہدایت کہ ہے کہ وہ پارٹی میں شمولیت کے خواہش مند اہم سیاسی و قبائلی رہنماؤں سے بھی رابطے تیز کریں


