بھارت پاکستان میں کالعدم تنظیموں کی پشت پناہی کرکے خطے کو غیر مستحکم کررہا ہے، آصف خان
نیویارک (صباح نیوز) پاکستان نے اقوام متحدہ سے شکاےت کی ہے کہ بھارت کالعدم تنظیموں جیسے بی ایل اے، ٹی ٹی پی اور مجید بریگیڈ کی پشت پناہی کر رہا ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں پاکستانی شہری بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کا نشانہ بن چکے ہیں۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کمیٹی میں پاکستانی نمائندے آصف خان نے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ علاقائی امن و استحکام کے لیے شدید خطرہ ہے۔آصف خان نے کہا کہ پاکستان نے مئی میں بھارت کی اشتعال انگیز جارحیت پردفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے منہ توڑ جواب دیا۔ بھارت کی منافقت کو بے نقاب کر تے رہیں گے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت نہیں بلکہ سب سے بڑی گمراہ ریاست بن چکا ہے، آر ایس ایس اور بی جے پی حکومت نے اسلاموفوبیا کو ریاستی پالیسی کا حصہ بنا دیا ہے، جبکہ بھارت میں اقلیتوں پر مظالم کی متعدد بین الاقوامی رپورٹس موجود ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ بھارت کا غیر ذمہ دارانہ رویہ خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے، تاہم پاکستان کشمیری عوام کی منصفانہ اور پرامن جدوجہدِ آزادی کی حمایت جاری رکھے گا۔پاکستانی مندوب نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے فورم پر بھارت کی منافقت کو بے نقاب کرتا رہے گا تاکہ دنیا مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ رہے۔اقوام متحدہ میں پاکستانی سفارتکار آصف خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے اور بھارت ہر سال جھوٹ پر مبنی پرانا اسکرپٹ لے کر دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت خود سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر لے کر گیا تھا، مگر اب اپنے ہی وعدوں سے فرار چاہتا ہے۔آصف خان نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصوابِ رائے ہے۔پاکستانی مندوب نے کہا کہ بھارت خود کو مظلوم ظاہر کرکے اپنی اصل ریاستی دہشتگردی چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔


