چمن اور کرم سیکٹر میں افغانستان سے کیے گئے حملے ناکام بنا دیے، درجنوں حملہ آور ہلاک، متعدد ٹینک تباہ کردیے، آئی ایس پی آر
راولپنڈی (پ ر) سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے سرحدی ضلع چمن کے علاقے اسپن بولدک اور خیبرپختونخوا کے کرم سیکٹر میں افغان سرحد سے کیے گئے حملے ناکام بناتے ہوئے 45 سے 50 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا، جبکہ جوابی کارروائی میں کئی چیک پوسٹیں اور ٹینک بھی تباہ کیے گئے ہیں۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق 15 اکتوبر 2025 کو علی الصبح افغانستان سے متصل بلوچستان کے علاقے اسپن بولدک میں 4 مختلف مقامات پر بزدلانہ حملے کیے، جنہیں پاکستانی سیکورٹی فورسز نے بھرپور اور مو¿ثر انداز میں ناکام بنا دیا، اس دوران 15 سے 20 حملہ آور ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جوابی کارروائی کے دوران 15 سے 20 حملہ آور ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے، صورت حال تاحال برقرار ہے، افغانستان سے مزید جتھوں کے جمع ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ خیبر پختونخوا کے کرم سیکٹر میں پاکستانی سرحدی چوکیوں پر حملے کی کوشش کی گئی جسے پاکستانی فورسز نے بہادری سے پسپا کر دیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جوابی کارروائی میں افغان چوکیوں کو بھاری نقصان پہنچا اور دشمن کی 8 چوکیوں کے علاوہ 6 ٹینک بھی تباہ کیے گئے جبکہ 25 سے 30 دہشت گرد مارے جانے کی اطلاعات ملی ہیں۔


