ریکو ڈک منصوبے میں امریکی کمپنیوں کی بڑھتی دلچسپی، ایگزم بینک جلد ہی فنانسنگ کنسورشیم میں شامل ہوگا، محمد اور نگزیب

واشنگٹن (این این آئی)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اور نگزیب نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ریکو ڈک منصوبے پر مالیاتی بندش کے قریب ہے اور ایگزم بینک کی شرکت کی منتظر ہے، امید ہے ایگزم بینک جلد ہی فنانسنگ کنسورشیم میں شامل ہوگا۔وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کا واشنگٹن کا دورہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت اورآخری دن اہم ملاقاتوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔وزارت خزانہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر خزانہ نے ابوظہبی کمرشل بینک کے سینئر مینجمنٹ سے ملاقات کی اور انہیں پاکستان کے پانڈا بانڈ کے اجرا اور گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام کی تجدید کے بارے میں بریفنگ دی۔انہوں نے نجکاری پروگرام کی پیشرفت پر روشنی ڈالی اور قومی ایئرلائن کی تیز رفتار نجکاری کے بارے میں پرامید ہونے کا اظہار کیا۔ سینیٹر اورنگزیب نے ٹیم کو بتایا کہ حکومت پاکستان ریکو ڈک منصوبے پر مالیاتی بندش کے قریب ہے اور ایگزم بینک کی شرکت کی منتظر ہے۔انہوں نے بینک کو پاکستان کے مالیاتی شعبے میں براہ راست سرمایہ کاری اور تجارت و سرمایہ کاری کے بہاو¿ کو فروغ دینے کی ترغیب دی۔جے پی مورگن کے سینئر مینجمنٹ کے ساتھ ایک الگ ملاقات میں وزیر خزانہ نے چینی مارکیٹ میں گرین پانڈا بانڈ کے پہلے اجرا کے تفصیلات سے آگاہ کیا۔انہوں نے نجکاری پروگرام بشمول فرسٹ ویمن بینک کی حالیہ وفاقی کابینہ سے منظور شدہ جی ٹو جی فروخت کا جائزہ پیش کیا۔سینیٹر اورنگزیب نے ریکو ڈک منصوبے میں امریکی کمپنیوں کی بڑھتی دلچسپی کو اجاگر کیا اور ایگزم بینک کی جلد شرکت کی توقع ظاہر کی۔انہوں نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان گو اے آئی ہب کے ذریعے ڈیجیٹل تعاون کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا اور جے پی مورگن کو مزید شراکت کے شعبوں کی تلاش کی ترغیب دی۔وزیر خزانہ نے ترکی کے وزیر خزانہ و مالیات محمد شیمشک سے بھی ملاقات کی، جہاں دونوں فریقین نے دوطرفہ مضبوط تعلقات اور دونوں ممالک کے رہنماو¿ں کے درمیان بار بار ہونے والی ملاقاتوں کی تصدیق کی۔ سینیٹر اورنگزیب نے ٹیکس، توانائی، سرکاری اداروں، نجکاری اور عوامی مالیات میں پاکستان کی جاری اصلاحات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے ورلڈ بینک کے زیر اہتمام ایف بی آر کی تبدیلی کے سفر کو اجاگر کرنے والے ایونٹ کا حوالہ دیا اور ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب کو بڑھانے اور حکومتی ایجنسیوں کے درمیان ڈیٹا انضمام کی اہمیت پر اتفاق کیا۔انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر مختار دیوپ سے ملاقات میں سینیٹر اورنگزیب نے آئی ایف سی کے پاکستان کو علاقائی مرکز کے طور پر اپ گریڈ کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے ریکو ڈک منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی اور امید ظاہر کی کہ ایگزم بینک جلد ہی فنانسنگ کنسورشیم میں شامل ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں