سی پیک جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ ہے، اسحاق ڈار
اسلام آباد (آن لائن) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان علاقائی رابطوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اور اس ضمن میں حکومت اپنے ٹرانسپورٹ کے نظام میں جدید خطوط پر کام کر رہی ہے۔ ملک کے جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ ہونے کے باعث سی پیک کے تحت مختلف منصوبے بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس 2025 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے لئے ٹرانسپورٹ کا شعبہ کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور پاکستان کی شاہراہیں علاقائی رابطہ کاری میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ علاقے کی اجتماعی ترقی کے لئے روابط کا فروغ ناگزیر ہے اور پاکستان اپنے ریل اور روڈ نیٹ ورکس کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا اور وسطی ایشیا کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ ہے، اور اس حوالے سے سی پیک کے تحت مختلف منصوبے بھی اہمیت رکھتے ہیں۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ ٹرانسپورٹ اور کنیکٹیویٹی معاشی ترقی کے اہم زینے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، اور اس میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی مطابقت کے حامل نظام کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کے ذریعے پاکستان اپنے روابط کو خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ بڑھا رہا ہے، اور اس کی شاہراہوں اور سڑکوں پر کثیر فنڈز خرچ کئے جا رہے ہیں تاکہ ملک کی برآمدات میں اضافہ کیا جاسکے۔


