بلوچستان ہائیکورٹ کے حکم پر لکپاس ٹنل سے ایف سی چیک پوسٹ دشت منتقل کردی گئی

کوئٹہ (صباح نیوز) بلوچستان کے عوام خصوصاً ضلع مستونگ کے باسیوں کے دیرینہ مطالبے پر بالآخر عملدرآمد کرتے ہوئے لکپاس ٹنل پر قائم ایف سی چیک پوسٹ کو منتقل کر دیا گیا ہے، یہ تاریخی اقدام مستونگ کے وکلاءکی جانب سے دائر کردہ ایک آئینی پٹیشن کے نتیجے میں ممکن ہوا۔ اس پٹیشن کی قیادت ایڈووکیٹ حمید بنگلزئی (چیئرمین یونین کونسل سورگز مستونگ) نے کی، جبکہ ان کے ہمراہ مستونگ کے وکلاءنے بھی فعال کردار ادا کیا۔ بلوچستان ہائی کورٹ نے چیف جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی کی سربراہی میں تاریخی فیصلہ سنایا، جس میں عدالت نے ایف سی چیک پوسٹ کو لکپاس ٹنل سے ہٹا کر کسی کھلے اور مناسب مقام پر منتقل کرنے کا حکم دیا۔ عدالتی فیصلے پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے صوبائی حکومت نے ایف سی چیک پوسٹ کو لکپاس ٹنل سے دشت منتقل کردیا ہے۔ اس اقدام سے شاہراہ کی بندش، غیر ضروری تاخیر اور مسافروں کی مشکلات کا خاتمہ ہوگیا ہے۔ بلوچستان کے عوام، ٹرانسپورٹرز، سماجی تنظیموں اور مختلف طبقہ فکر نے عدالت عالیہ اور مستونگ کی وکلاءبرادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں