جنگ بندی کے اعلان کے بعدبھی غیر ملکی فضائی کمپنیوں کا اسرائیل کیلئے پروازیں منسوخ رکھنے کا فیصلہ برقرار
بیت المقدس (صباح نیوز) غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے بعد متعدد غیر ملکی فضائی کمپنیوں نے اسرائیل کے لیے اپنی پروازیں منسوخ رکھنے کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے، حتیٰ کہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد بھی یہ پروازیں بحال نہیں کی گئیں۔ غیرملکی خبررساں ادار ے کے مطابق کئی بین الاقوامی ایئر لائنز نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ موسم سرما کے دوران بھی تل ابیب کے لیے اپنی پروازیں دوبارہ شروع نہیں کریں گی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بعض فضائی کمپنیاں خطے میں پائیدار امن کے آثار دیکھنے کے لیے انتظار کریں گی جبکہ کچھ کمپنیاں اپنی پروازوں کو صرف گرمیوں کے موسم میں دوبارہ شیڈول کرنے پر غور کر رہی ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بعض ایئر لائنز نے تو قابض اسرائیل کے لیے اپنی پروازیں ہمیشہ کے لیے بند کرنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیل کی وحشیانہ جنگ کے دوران دنیا بھر کی متعدد ایئر لائنز نے اسرائیل کے ہوائی اڈوں کے لیے پروازیں معطل کر دی تھیں۔ ان منسوخیوں کی بڑی وجہ اسرائیل کے ہوائی اڈوں پر یمن سے داغے گئے میزائلوں اور ڈرون حملوں کے ساتھ ساتھ فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی جانب سے تل ابیب اور دیگر مقبوضہ علاقوں میں فائر کیے گئے میزائل تھے جنہوں نے براہِ راست ان ہوائی اڈوں اور دیگر اسٹرٹیجک تنصیبات کو نشانہ بنایا، ان حملوں کے نتیجے میں اسرائیل کو جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔


