ایران ایئر کی جانب سے کوئٹہ سے مشہد اور زاہدان کیلئے باقاعدہ پروازوں کا آغاز کردیا گیا
کوئٹہ (صباح نیوز) کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایران ائیر کی جانب سے مشہد، زاہدان اور کوئٹہ کے مابین پروازوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے زاہدان سے آنے والی افتتاحی پرواز کے استقبال کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ایرانی قونصل جنرل محمد کریمی، صوبائی وزرا بخت محمد کاکڑ، حاجی برکت رند، شیخ حیات خان مندوخیل ،چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے نمائندوں جس میں حاجی ولی محمد نورزئی ، سیدعبدالخالق آغا، حاجی تاج محمد بڑیچ ، حضرت عمر اچکزئی اور کوئیٹہ چیمبر آف کامرس کے حاجی محمد ایوب خان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔ گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے اس موقع پر کہا کہ پاک ایران فلائٹ آپریشن دوطرفہ تعلقات، تجارت اور ثقافت کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نیا فضائی رابطہ خطے میں تعاون اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہے اور کوئٹہ فضائی رابطے کی بحالی پائیدار امن و استحکام کی علامت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن دونوں اسلامی برادر ملکوں کے لیے خوشی اور باہمی تعلقات کے استحکام کا دن ہے۔ایرانی قونصل جنرل محمد کریمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ایران سے براہ راست پروازوں کا آغاز ہو رہا ہے، یہ فضائی سفر باہمی تعلقات اور تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ممالک ہیں اور ایران ہمیشہ ثقافتی و تہذیبی حوالے سے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔


