پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت نہ دینا اور شاہرائیں بلاک کرنا قا نون اور جمہورکی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہیں، پشتونخواہ میپ
کوئٹہ ( آئی این پی ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں 7نومبر کو تحریک انصاف کے اعلان شدہ پر امن جمہوری احتجاج کے نام پر پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹریٹ کو محاصرہ کرنے اور اسی طرح تحریک انصاف کو جمہوری احتجاج اور جلسہ عام کی اجازت نہ دینے اور کوئٹہ کے تمام شاہراہوں کو کنٹینرز سے بلاک کرنے کے غیر آئینی ، غیر قانونی اقدام کو حکومتی بوکھلاہٹ ،نااہلی، سخت گھبراہٹ قرار دیتے ہوئے اس کی شدیدترین الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور حکومت کا طرز عمل آئین ،قانون اور جمہورکی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ فارم 47کے مسلط غیر آئینی ،غیر سیاسی ، غیر جمہوری ،آمریت اورفسطائیت کے نام نہاد نمائندوں کی حکمرانی کے خلاف اور اپنے اسیر بانی رہنماءعمران خان اور دیگر سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کے لیے سیاسی جمہوری احتجاج سیاسی پارٹیوں اور ہر جمہوری شخص کا بنیادی آئینی حق ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت ملک میں جاری آمریت اور فسطائیت کو دوام بخشنے کے لیے 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے جمہوری نظام کا مکمل خاتمہ کرکے ملک میں آئینی مارشلاءکے نفاذ کی تیاریاں کی جارہی ہےں جس کے خلاف آواز اٹھانا ملک کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود خان اچکزئی کی قیادت میںآئین کی تحفظ ، پارلیمنٹ کی خودمختاری ، جمہور کی حکمرانی ، ملک کو قوموں کی برابری کا حقیقی جمہوری فیڈریشن بنانے اور ملک کی سیاست میں ایجنسیوں کی مداخلت کاراستہ روکنے اور تحریک انصاف کے بانی رہنماءعمران خان کی رہائی کے لیے سیاسی جمہوری احتجاج اور جدوجہد جاری رکھے گی۔


