تجارتی راستے کھلے رکھنے کیلئے ٹھوس ضمانتیں دینا ہوں گی، افغانستان نے پاکستان سے ادویات کی درآمد پر پابندی عائد کر دی
کابل (ویب ڈیسک) افغان حکومت کے نائب وزیراعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر نے کہا ہے کہ پاکستان کو افغانستان کے ساتھ تجارتی راستے کھلے رکھنے کے لیے ٹھوس اور عملی ضمانتیں دینا ہوں گی۔
کابل میں افغان تاجروں اور صنعتکاروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملا برادر نے واضح کیا کہ تجارتی راستے صرف اسی صورت میں دوبارہ کھولے جائیں گے جب پاکستان کی جانب سے مکمل یقین دہانی ہو کہ انہیں کسی بھی حالت میں جنگ ہو یا امن بند نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان برابر کی بنیاد پر مستحکم تجارتی تعلقات چاہتا ہے جو باہمی احترام پر مبنی ہوں، نہ کہ انحصار یا سیاسی دباﺅ پر۔ دوسری جانب افغان حکومت نے پاکستانی دواسازی مصنوعات (Pharmaceutical Products) کی درآمد پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اعلان کے مطابق، تین ماہ بعد پاکستان سے ادویات کی فروخت اور خریداری غیر قانونی قرار دی جائے گی۔ افغان حکام نے تاجروں کو خوراکی اشیاءکی درآمد کے لیے بھی متبادل راستے تلاش کرنے کی ہدایت کی ہے، بصورت دیگر ان مصنوعات پر بھی پابندی عائد کر دی جائے گی۔


