احتجاج اپوزیشن کا حق ہے، صوبائی کابینہ کم عمری کی شادی کی ممانعت سے متعلق بل کی کافی عرصہ قبل منظوری دے چکی تھی، سرفراز بگٹی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبائی اسمبلی اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون سازی کرنا حکومت کا آئینی حق ہے اور صوبائی حکومت نے آج وہی حق استعمال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیش کردہ بل پر اسمبلی کی اکثریت نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے بل کے حق میں ووٹ دیا، جو جمہوری عمل کی مضبوطی کی علامت ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ احتجاج اپوزیشن کا جمہوری حق ہے اور حکومت نہ صرف اس حق کا احترام کرتی ہے بلکہ بات چیت اور مکالمے کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھتی ہے انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے تاہم قانون سازی عوام کے بہترین مفاد میں کی جاتی ہے کم عمری کی شادی کی ممانعت سے متعلق بل کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے وضاحت کی کہ یہ بل گزشتہ چھ ماہ سے بلوچستان اسمبلی کی متعلقہ کمیٹیوں میں موجود تھا اور اس پر تمام تقاضوں کے مطابق پیش رفت کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کابینہ اس بل کی منظوری کافی عرصہ قبل دے چکی تھی اور اسے آج اسمبلی میں قواعد کے مطابق منظور کرایا گیا وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ہمیشہ اتفاق رائے سے قانون سازی کو ترجیح دی ہے اور کوشش رہی ہے کہ ہر بل وسیع مشاورت اور شفاف طریقہ کار کے بعد منظور ہو۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور عوام کی فلاح کے لیے حکومت پوری سنجیدگی اور ذمہ داری کے ساتھ کام کر رہی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔


