قومی اسمبلی: حاصل بزنجو کے احترام میں اجلاس ملتوی
اسلام آباد:قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے گزشتہ روز انتقال کرنے والے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سینیٹر میر حاصل بزنجو کے احترام میں آج کا اجلاس ملتوی کر دیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ میر حاصل بزنجو ایک بہت بڑی شخصیت تھے۔
انہوں نے کہا کہ حاصل بزنجو نے بھرپور جمہوری انداز میں بلوچستان کے عوام کے حقوق کی بات کی، انہوں نے پارلیمانی روایات کو فروغ دیا۔
اسپیکر اسد قیصر کا مزید کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں کا مؤقف ہے کہ حاصل بزنجو کے احترام میں اجلاس ملتوی کیا جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حاصل بزنجو کے احترام میں حکومت اور اپوزیشن کے اتفاقِ رائے کے بعد آج کا قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام 4 بجے تک ملتوی کر رہا ہوں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سینیٹر میر حاصل بزنجو 63 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے، ان کی تدفین آبائی علاقے نال میں کی جائے گی، نیشنل پارٹی نے 10 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔


