خاران واقعہ قابل مذمت، لاپتا افراد کے معاملے پر قانونی اور مستقل حل کی جانب پیشرفت ہو رہی ہے، شعیب نوشیروانی

کوئٹہ (یو این اے) بلوچستان کے وزیر خزانہ شعیب نوشیروانی نے بلوچستان کے علاقے خاران میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی سخت مذمت کی ہے اور واقعے میں زخمی ہونے والے بچوں اور دیگر معصوم افراد کے لیے دلی ہمدردی اور نیک تمناﺅں کا اظہار کیا ہے ۔اپنے بیان میں صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ عوامی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا، راکٹ حملوں میں معصوم جانوں کو خطرے میں ڈالنا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں، انہوں نے کہا کہ تشدد اور خوف و ہراس کسی مسئلے کا حل نہیں۔ طاقت کے استعمال سے نہ تو دل جیتے جا سکتے ہیں اور نہ ہی دیرپا امن قائم ہوسکتا ہے۔ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ امن، برداشت اور باہمی احترام کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ شعیب نوشیروانی نے کہا کہ موجودہ حالات میں صوبائی حکومت تمام فریقین کو ساتھ لے کر چلنے، عوامی مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ کھلی کچہریوں کے ذریعے عام شہریوں کو براہِ راست سنا جا رہا ہے، جبکہ لاپتہ افراد کے معاملے پر بھی قانونی اور مستقل حل کی جانب پیش رفت ہو رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے نازک وقت میں ضروری ہے کہ اختلافات کو بات چیت اور مفاہمت کے ذریعے حل کیا جائے، تاکہ بلوچستان کو امن، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کرسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے