اورماڑہ، مکران کوسٹل ہائی وے پر ٹریفک حادثے میں 10 افراد جاں بحق، 35 زخمی
اورماڑہ (نمائندہ انتخاب) اورماڑہ مکران کوسٹل ہائی وے پر المناک ٹریفک حادثہ، 10 افراد جاں بحق، 35 زخمی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی الصبح تقریباً ساڑھے چھ بجے کے قریب اورماڑہ مکران کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ کے قریب ایک المناک ٹریفک حادثے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ حادثہ اورماڑہ شہر سے تقریباً 20 کلومیٹر دور ہڈ گوٹھ کے قریب پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق کراچی سے جیونی جانے والی ایک مسافر بس تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں بس بے قابو ہو کر سڑک سے الٹ گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کئی مسافر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے اور پولیس موقع پر پہنچ گئے، لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اورماڑہ کے قریبی ہسپتال (درمان جاہ) منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، پولیس کے مطابق حادثے کی ابتدائی وجہ تیز رفتاری قرار دی جا رہی ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ واقعے کے بعد مکران کوسٹل ہائی وے پر کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔


