آپریشن کسی مسئلے کا حل نہیں، تیراہ کے عوام کو آئی ڈی پیز بنانے کی پالیسی انسانیت سوز ہے، پشتونخوامیپ

کوئٹہ (یو این اے) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں خیبر پشتونخوا کے ضلع خیبر وادی تیرا کے علاقے میں فوجی آپریشن کے نام پر تیرا کی قدیمی، قبائلی اور انسانی آبادیوں خالی کرانے اورشدید سردی ، برفباری کے دوران عوام کو جبری طور پر نقل مکانی پر مجبور کرکے انہیں آئی ڈی پیز بناکر ملک بھر میں دردپدری اوراذیت کی زندگی گزارنے پر مجبور کرنے پر حکومت کے اس پشتون دشمن اور انسانیت سوز روش کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور یہ سمجھتی ہے کہ آپریشن کسی بھی مسئلے کا حل نہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نام نہاد دہشتگردی اور آپریشنز کے نام پر ایک جانب پشتونوں کی نسل کشی جاری ہے تو دوسری جانب انہیں اپنے ہی گھروں ، بازاروں ، مارکیٹوں ، آبائی علاقوں سے زور زبردستی جبری طور پر نقل مکانی پر مجبور کرکے ملک بھر میں اذیت ناک زندگی گزارنے پر مجبور کرکے ان کی عزت وناموس کی تذلیل کرنا ہے ۔ماضی میں بھی نیشنل ایکشن پلان کے تحت آپریشن کا آغاز کیا گیا لیکن اچھے اور بُرے دہشت گرد کی تمیز شروع کی گئی اور نتیجہ دہشتگردی کا خاتمہ نہ ہوسکا لیکن اس کے نتیجے میں مقامی عوام آج تک حکومتی وعدتوں سے محروم اور ملک بھر میں آئی ڈی پیز بن کر انتہائی اذیت کی زندگی بسر کررہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ خیبر وادی تیرا کا پورا علاقہ شدیدبرفباری اور سردی کا شکار ہے جس کے باعث پہلے ہی عوام انتہائی تکلیف دہ حالات میں زندگی گزاررہے ہیں۔ راستوں کی بندش کے ساتھ بنیادی انسانی ضروریات ،خوراک، پانی، علاج اور دیگر سہولیات ناپید ہو چکی ہیں۔ اور ایسے ناگفتہ بہ حالات کے باعث معصوم بچے ، ضعیف العمر افراد نہ صرف بیماریوں میں مبتلا ہوتے جارہے ہیں بلکہ نقل مکانی کرتے ہوئے ایک نوزائیدہ معصوم بچہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھاجو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے اور پورے پشتون قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی وفاقی حکومت سے پُرزور مطالبہ کرتی ہے کہ وادی تیراہ میں دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے نام نہاد آپریشن کے نام پر عوام کواپنے گھروں سے بیدخل نہ کیا جائے اور انہیں باعزت طریقے سے ان کے گھروں اور علاقوں میں آباد کرکے ان کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔پارٹی اس بات پر زور دیتی ہے کہ ماضی میں بھی امن کے نام پر کیے گئے فوجی آپریشنز سے نہ امن قائم ہوا اور نہ ہی مسائل حل ہوئے، بلکہ اس کے نتیجے میں مزید بداعتمادی ،لاقانونیت اور بدامنی میں اضافہ ہوا۔ اور آپریشن کیسی بھی مسئلے کا حل نہیں اس لیے ضروری ہے کہ امن کے قیام کے لیے مقامی عوام کی مشاورت، صوبائی حکومت کے ذریعے جامع اور م¶ثر حکمت عملی ترتیب دی جائے۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی تیرا کے مظلوم عوام کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے اور ان کے حقوق کے حصول تک پارٹی ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں