پبلک سیکٹر جامعات میں تدریسی اسامیوں پر بھرتیوں کا عمل فوری شروع کیا جائے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ (این این آئی) گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے صوبے کی پبلک سیکٹر جامعات میں خالی منظور شدہ تدریسی اسامیوں پر بھرتیوں کا عمل فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت کر دی ۔ اس ضمن میں وائس چانسلرز کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لیکچرر سے پروفیسر تک تمام اسامیوں کو مقررہ طریقہ کار کے تحت جلد از جلد پر کیا جائے۔ مراسلے کے مطابق پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں (PSUs) میں لیکچرر، اسسٹنٹ پروفیسر، ایسوسی ایٹ پروفیسر اور پروفیسر کی اسامیوں پر تقرری صرف ابتدائی بھرتی کے ذریعے ہی ممکن ہے، جبکہ کالج سیکٹر کے برعکس یہاں تدریسی عملے کے لیے ترقی کے مواقع موجود نہیں ہیں۔ اسی وجہ سے اساتذہ کی بڑی تعداد بہتر کیریئر مواقع نہ ہونے کے باعث جامعات چھوڑ رہی ہے۔مراسلے کے مطابق صوبے کی متعدد جامعات اس وقت شدید اساتذہ کی کمی کا سامنا کر رہی ہیں، جبکہ گزشتہ چند برسوں کے دوران 30 سے زائد پروفیسرز جامعات چھوڑ چکے ہیں، جس سے برین ڈرین کا مسئلہ بھی بڑھ رہا ہے۔ مراسلے میں گورنر بلوچستان نے ہدایت دی ہے کہ بلوچستان یونیورسٹیز ایکٹ 2022 کے تحت مقررہ طریقہ کار کے مطابق بھرتیوں کا عمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بناتے ہوئے مکمل کیا جائے ساتھ ہی تمام اشتہارات جاری کرنے سے قبل چانسلر آفس سے پیشگی منظوری بھی حاصل کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے