جامعات کو محض بھرتیوں کی فیکٹری نہیں علم، تحقیق اور جدت کے مراکز میں تبدیل کیا جائے، طلبہ کیلئے ڈیجیٹل سہولیات میں بہتری لائیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت یونیورسٹی آف مکران پنجگور کیمپس کی کارکردگی، درپیش مسائل اور مستقبل کے اقدامات سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں جامعہ آف مکران میں تدریسی و ضروری انتظامی اسٹاف کی بھرتی کے لیے سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی ضروری اسٹاف کا تعین کرتے ہوئے بھرتی، وسائل کی فراہمی اور ادارہ جاتی بہتری سے متعلق جامع سفارشات پیش کرے گی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ غیر ضروری بھرتیوں سے گریز اور معیاری تعلیم کے فروغ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ جامعات کو محض بھرتیوں کی فیکٹری بنانے کے بجائے علم، تحقیق اور جدت کے مراکز میں تبدیل کیا جائے، مصنوعی ذہانت کو فروغ دے کر مقامی زبانوں میں موثر چیٹ بوٹس تیار کیے جائیں، جامعات کے وسائل کو طلبہ کے داخلوں اور ادارہ جاتی کارکردگی سے مشروط کیا جائے گا، تعلیمی اداروں میں میرٹ، شفافیت اور احتساب کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، پنجگور کیمپس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل سہولیات میں بہتری لائی جائے گی، مقامی طلبہ کو معیاری اعلیٰ تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جامعات میں تحقیق کو صنعت اور مقامی معیشت سے جوڑنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے لیے خصوصی پروگرامز متعارف کرائے جائیں گے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کمیشن صالح بلوچ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف مکران ڈاکٹر سعادت بلوچ و متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں