ڈیرہ مراد جمالی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیو ٹیم کی سیکورٹی پر مامور اہلکار جاں بحق، پولیس ذرائع
ڈیرہ مراد جمالی (آن لائن) ڈیرہ مراد جمالی میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیو ٹیم کی سیکورٹی پر مامور پولیس اہلکار کو شہید کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے، پولیس کے مطابق نصیرآباد کے ہیڈکوارٹر ڈیرہ مراد جمالی کے ٹی اینڈ ٹی کالونی میں پولیو مہم کی فیمیل ٹیم ایک گھر کے اندر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے گئی تو باہر کھڑے پولیس اہلکار فرمان بشیر بہرانی پر مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس کے باعث وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لیکر سول ہسپتال منتقل کردیا گیا اور علاقے کی ناکابندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نصیرآباد ذوالفقار علی کرار اور ایس ایس پی نصیرآباد اسد ناصر فوری طور پر سول ہسپتال پہنچ گئے واقعے کے حوالے سے رابطہ کرنے پر ایس ایس پی نصیرآباد نے بتایا کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے، جس کا تمام پہلوﺅں سے جائزہ لے رہے ہیں۔


