معرکہ حق میں اہم بھارتی اہداف نشانے پر تھے، امریکی صدر کی مداخلت نے بھارت کو بڑے نقصان سے بچالیا، محسن نقوی

اسلام آباد (ویب ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انکشاف کیا ہے کہ معرکہ حق کے دوران پاکستان نے بھارت کے اہم اہداف کو نشانے پر لے لیا تھا، تاہم امریکی صدر کی مداخلت نے بھارت کو بڑے نقصان سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ اس معرکے میں پاکستان کو اللہ کی مدد حاصل رہی اور افواج پاکستان نے ہر محاذ پر برتری ثابت کی۔ اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ معرکہ حق میں اللہ تعالیٰ کی مدد سے پاکستان کو کامیابی حاصل ہوئی، جبکہ ملک بھر میں اس حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے ڈرونز پاکستان کے مختلف علاقوں میں بھیجے، تاہم ان میں سے بیشتر کو سرحد پر ہی رینجرز نے تباہ کر دیا، جبکہ بہت کم ڈرونز پاکستانی حدود میں داخل ہو سکے۔ وزیر داخلہ کے مطابق بھارت نے سائبر حملوں کی بھی کوشش کی، لیکن اس میدان میں بھی وہ پاکستان کے قریب نہ آ سکا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پہلی بار بڑے پیمانے پر ڈرونز کا استعمال دیکھنے میں آیا۔ محسن نقوی نے دعویٰ کیا کہ نئی دہلی میں بھارتی وزیراعظم کی رہائش گاہ کے اوپر پاکستانی ڈرونز پرواز کرتے رہے جس سے بھارتی حکام میں خوف پایا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کبھی بھارتی سویلین آبادی کو نشانہ نہیں بنایا، جبکہ بھارت نے پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے معرکہ حق میں انتہائی ذمہ دارانہ کردار ادا کیا اور ایک مو¿ثر بیانیے کے ذریعے پوری قوم کو متحد رکھا، جبکہ بھارتی میڈیا اس دوران کنفیوژن کا شکار رہا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو اللہ کی خصوصی مدد حاصل ہے اور افواج پاکستان نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی سے قبل بھارت نے پاکستانی بیس کو نشانہ بنایا، جس کے جواب میں پاکستان نے محدود مگر مو¿ثر کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے ایک بڑے آئل ڈپو کو تباہ کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے اہم اہداف، جن میں جنگی طیارے اور بحری تنصیبات شامل تھیں، پاکستان کے نشانے پر تھیں، جس کے باعث بھارت کو جنگ بندی کی طرف آنا پڑا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں

Logged in as Bk Bk. Edit your profile. Log out? ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے