چھتر میں بجلی کے ہائی ٹرانسمیشن ٹاور دھماکہ خیز مواد سے تباہ، گڈو سے اندرون بلوچستان کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ

ڈیرہ مراد جمالی (این این آئی) نصیرآباد گڈو سے اندرون صوبے کو جانے والی بجلی کے ہائی ٹرانسمیشن سسٹم 220 کے وی بجلی کے دو ٹاورز کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا، صوبے کے متعدد علاقوں کو بجلی کی سپلائی معطل ہونے کا خدشہ۔ پولیس کے مطابق ضلع نصیرآباد پولیس تھانہ چھتر کی حدود میر حسن بیرون ایریا میں سندھ گڈو تھرمل پاور سے اندرون بلوچستان بجلی کی ہائی ٹرانسمیشن سسٹم 220 کے وی کے بجلی کے دو ٹاورز کو نا معلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا، دھماکے اس قدر زوردار تھے کہ انکی آواز دور دور تک سنی گئی، جس سے دو ٹاورز زمین بوس ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع پر مقامی پولیس اور سیکورٹی فورسز جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا، جبکہ این ٹی ڈی سی کی بھی ٹمیں جاے وقوع پر پہنچ گئیں، جن کا کہنا تھاکہ مرمت و بحالی کا کام سیکورٹی کی نگرانی میں شروع کردیا گیا ہے،ٹاورز کے تباہ ہونے سے صوبے کے متعدد علاقوں میں بجلی کی ترسیل متاثر ہوئے کا خدشہ پایا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں