وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا عمران خان کی بہنوں کیساتھ دھرنا، پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کرکے اڈیالہ روڈ مکمل سیل کردیا، پاکستان تباہ ہورہا ہے، معیشت ڈوب رہی ہے، یہ بہنوں کی ملاقات، بانی پی ٹی آئی کا علاج روکنے میں لگے ہیں، سہیل آفریدی
راولپنڈی (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کے ساتھ دھرنا دے دیا، پولیس نے اڈیالہ روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے شاہراہ کو مکمل سیل کردیا۔ سہیل آفریدی سرکاری پروٹوکول میں اڈیالا روڈ فیکڑی ناکے پر پہنچے، علیمہ خان بھی بہنوں کے ہمراہ فیکٹری ناکے پر موجود ہیں۔پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا، شاہد خٹک، نعیم حیدر پنجوتھا، نیاز اللّٰہ نیازی و دیگر کارکنان موجود ہیں، پولیس کی بھاری نفری اڈیالا روڈ پر مختلف مقامات پر موجود ہے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اتنے مسائل چل رہے ہیں، انہوں نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ آئین و قانون پامال، معیشت تباہ حال، 80 ہزار ارب تک قرضے پہنچ چکے ہیں۔ ان کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے۔ بائیس بڑے اور چودہ ہزار سے زائد چھوٹے ملٹری آپریشن ناکام ہوچکے۔ ان کے پاس معیشت سنبھالنے کی کوئی پالیسی نہیں۔ ان تمام چیزوں کو چھوڑ کر وہ عمران خان سے ان کی بہنوں کی ملاقات روکنے، علاج روکنے اور پی ٹی آئی کو کرش کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ پاکستان تباہ ہو رہا ہے، معیشت ڈوب رہی ہے، نوجوان ملک چھوڑ رہے ہیں، مگر انہیں کسی چیز کی پروا نہیں۔


