واشک کی تحصیل بسیمہ کے جوڈیشل لاک اپ میں زیر حراست ملزم فرار، اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا، پولیس

بسیمہ (نمائندہ خصوصی) واشک کے علاقے بسیمہ میں جوڈیشل لاک اپ سے زیر دفعہ 354 اور 392 میں گرفتار ملزم محمد بخش عرف محمد گل گزشتہ رات لاک اپ کا دروازہ توڑ کر فرار ہوگیا۔ واقعے کے بعد پولیس حکام میں کھلبلی مچ گئی جبکہ علاقے میں سیکورٹی مزید سخت کردی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق فرار ہونے والا ملزم موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لاک اپ کے دروازے کو نقصان پہنچا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوا، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر علاقے کی ناکہ بندی کرکے مختلف مقامات پر تلاش اور چھاپہ مار کارروائیاں شروع کردیں۔ ایس ایچ او بسیمہ عبدالحکیم کبدانی کے مطابق فرار ملزم کے خلاف زیر دفعہ 224 تعزیراتِ پاکستان کے تحت ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ایس پی واشک کی ہدایت پر جوڈیشل لاک اپ پر ڈیوٹی انجام دینے والے چار پولیس اہلکاروں کیخلاف بھی غفلت اور لاپرواہی کے الزام میں زیر دفعہ 223 ت پ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لئے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ مذکورہ ملزم محمد بخش عرف محمد گل پر الزام ہے کہ اس نے بسیمہ کے علاقے شیرینزہ سے ایک خاتون کو بھگا کر شادی کی تھی جبکہ وہ علاقے میں بدامنی، چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں بھی ملوث رہا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق ملزم خواتین کے کانوں سے بالیاں زبردستی اتارنے جیسے جرائم میں بھی ملوث بتایا جاتا ہے۔ علاقہ مکینوں نے چند روز قبل ملزم کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں