ہرنائی، شاہرگ میں بڑھتی ہوئی بدامنی، بھتہ واغوا برائے تاوان کیخلاف عوامی احتجاجی تحریک کا آغاز
ہرنائی (این این آئی) شہداءوطن تحریک کی جانب سے ضلع ہرنائی بالخصوص شاہرگ میں بڑھتی ہوئی بدامنی، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور عوام کو درپیش سنگین مسائل کے خلاف ایک منظم عوامی احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جا رہا ہے۔اس سلسلے میں یکم جون بروز پیر صبح 10 بجے شاہرگ پنڈال میں اہم پریس کانفرنس کی جائے گی، جس میں تحریک کے آئندہ لائحہ عمل اور مطالبات سے عوام اور میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔دو جون کو ضلع بھر کی سیاسی جماعتوں، قبائلی عمائدین، سماجی شخصیات، تاجر برادری، نوجوانوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے رابطہ مہم چلائی جائے گی تاکہ عوامی مسائل کے حل اور امن کے قیام کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کیا جا سکے۔تین جون کو ہرنسئی شاہرگ میں پرامن شٹر ڈاون اور پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی، جس کے ذریعے عوام اپنے جائز مطالبات اور تحفظات حکام تک پہنچائیں گے۔مزید برآں پانچ جون بروز جمعہ شاہرگ میں ایک عظیم الشان عوامی مظاہرہ اور جلسہ عام منعقد ہوگا، جس میں علاقے کے عوام بھرپور شرکت کرکے امن، انصاف اور عوامی حقوق کے حق میں اپنی آواز بلند کریں گے۔شہداءوطن تحریک نے ضلع بھر کے عوام، سیاسی جماعتوں، قبائلی عمائدین، تاجروں، مزدوروں، نوجوانوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عوامی جدوجہد میں بھرپور شرکت کریں تاکہ علاقے میں امن، قانون کی بالادستی اور عوام کے بنیادی حقوق کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ شاہرگ عوام نے شیخ موسی بابا مزار پر شاہرگ میں شیخ موسی بابا چونگی کے مقام پر عیدالاضحی کی رات کو نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پانچ مقامی لوگوں کی شہادتوں اور چار افراد کے زخمی ہونے کے واقعے کے خلاف شاہرگ میں قرآن پاک پر حلفیہ قسم اٹھانے (پوتے پر نکلنے) کا اہتمام کیا گیا۔ جس پر گاوں کے تمام لوگوں کو گزارا گیا۔ اور باقاعدہ طور پر قرآن پاک پر یہ حلف اٹھایا گیا۔ کہ کوئی بھی اپنے علاقے کے ساتھ غداری نہیں کریگا۔ اور علاقے کی خوشحالی کے لئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔


